قاہرہ،2دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مصر میں سرکس میں لوگوں کی تفریح کے لیے رکھے گئے ایک شیر نے اپنے نگران پر حملہ کرکے اسے بری طرح زخمی کردیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔یہ واقعہ حال ہی میں مصر کے شہر اسکندریہ کے الاسد قصبے میں اس وقت پیش آیا جب ایک سرکس کےنگران 25سالہ اسلام شاہین نے بچوں کو شیر کا تماشا دکھانے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک شیر نے اچانک اچھل کر اسلام شاہین پرحملہ کردیا اور اسے بری طرح نوچ ڈالا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ سرکس کے نگران کو اسکندریہ شہر کے اندلسیہ الاسلامہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
شیر کی جانب سے اپنے کوچ پرحملے کے واقعے کی ایک ویڈیو فوٹیج بھی انٹر نیٹ پر موجود ہے جس میں بچوں کوسرکس میں شیر کا تماشا دیکھنے کے دوران شیر کے حملے کے بعد بچوں کی چیخ پکار بھی سنائی دے رہی ہے۔
مقتول کے بھائی نے عدالت کو بتایا کہ شیر کے حملے میں اسلام شاہین کی کھوپڑی، سینے اور جسم کی کئی دوسری ہڈیاں توڑ دی تھیں۔ اس کے علاوہ اس کے چہرے، سینے اور گردن سمیت جسم کے دوسے حصوں پر بھی گہرے زخم آئے تھے۔ شیر کے حملے کے فوری بعد پانچ معاونین نے اسلام کو بچانے کی کوشش کی اور تیس سینکڈز کے اندر اندر وہ شیر کو اس کے پنجرے میں واپس لے گئے مگر شیر نے تیس سکینڈ ہی میں اپنے کوچ کو بری طرح چیر پھاڑ دیا تھا۔اسلام شاہین گذشتہ دس سال سے شیروں کے سرکس میں کام کرتا رہا ہے۔ جس شیر نے اس پر حملہ کیا وہ کچھ ہی عرصہ قبل افریقا سے لایا گیا تھا۔